(ڈاکٹر حمید اللہ بنام پروفیسر سعید الظفر چغتائی (20 ذی الحجہ 1383ھ

Edibiyat Fakultesi
Istanbul
20 ذی الحجہ 1383ھ
مکرمی دام لطفکم السلام علیکم ورحمتہ وبرکاتہ
یہاں یکم مئی کو عید بہار کی، 4 مئی کو کوئی مقامی سرکاری عید کی اور اتوار کو فرنگیانہ ہفتہ وار عید کی تعطیل تھی۔ اس لیے آج آپ کے عنایت نامے کو پانے اور جواب دینے کی مسرت حاصل کر رہا ہوں۔
بعض اوقات آپ کے خط کی عبارتیں طبیعیات کے فارمولوں کی طرح ہوتی ہیں۔ سمجھنے کے لیے ذرا محنت کرنی پڑتی ہے اور پھر بھی یہ یقینی نہیں جو سمجھا وہ صحیح بھی ہو۔ میرا اشارہ آپ کے یوسف صالح صاحب کے متعلق اشارے سے ہے۔ کیا آپ یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ میری دانست میں ان کو کوئی فرنگستانی اسکالر شپ دلانے کا امکان ہے؟
اگر ایسا ہے تو آپ مجھ سے بہتر اس سے واقف ہیں کہ فرنگی اسکالر شپ کہاں اور کس طرح ملتے ہیں۔ غالباً مقامی سفارت ملک متعلقہ کو درخواست دینی پڑتی ہے اور وہی اس کا فیصلہ کرتی ہے۔ میں زیادہ سے زیادہ یہ کر سکتا ہوں کہ درخواست کے وقت ایک تصدیق یا سفارش کا خط دے دوں۔ اگر کوئی اور مراد ہے تو معاف فرمائیے میں سمجھ نہ سکا۔ کیا اچھا ہو اگر آپ اپنی طبیعت کی سادگی کی طرح اپنا اسلوب بھی سادہ بنائیں جس میں تکلفات کی جگہ راست مقصدی ہو۔
والسلام
نیاز مند
محمد حمید اللہ
ماخذ: ماہنامہ معارف اعظم گڑھ، مئی جون 2013

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.