ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام شاہ بلیغ الدین، 1397ھ

20 صفر 1397ھ
پیرس
مکرمی و محترمی دام لطفہ
سلام مسنون۔ عنایت نامہ ملا۔ آپ کا گلہ درست ہے لیکن گزشتہ جون سے بیماریوں میں وقت گزرا۔ محی الدین صاحب کے خط سے آپ کو معلوم ہوا ہو گا کہ آپ کی کتاب انبار میں غائب ہے اور پڑھنے کا فی الوقت امکان نہیں۔ میں وہ نہیں ہوں جو چالیس سال پہلے تھا۔ بوڑھا اور تھکا ہوا انسان ہوں۔ آپ کی لکھی ہوئی کتاب ہے، اچھی ہونی چائیے۔ خدا برکت دے۔
جی ہاں، ترجمہ قرآن اور سیرت نبویہ 1959ء میں شائع ہوئے تھے۔ اب بازار میں فی الحال بالکل نہیں ہے۔ کب مکرر طباعت ہو گی خدا ہی جانے۔
کتاب النبات کی نظر ثانی سے آپ کی کیا مراد ہے؟ سویڈن میں شائع شدہ کتاب کی میں نے نظر ثانی کویت کے لیے کی، پھر کویت ہی نے اس کی مکرر اشاعت منسوخ کر دی۔ انساب الاشراف کی بھی نظر ثانی کا سوال نہیں۔ میں نے اس کو ایڈٹ کیا تھا۔ وہ بھی بازار میں ناپید ہے۔
آپ کے باقی سوالات سمجھ میں نہ آئے۔ زبیر کے سرپرست ہونے کا کس نے ذکر کیا ہے؟ زبیر نے حلف الفضول کا آغاز کیا جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ والہ وسلم بھی شریک ہوئے، اور بس۔ اس کا ذکر ابن سعد میں ہے۔ سرپرستی سے میں واقف نہیں۔ نماز کا آغاز غار حرا میں جبریل کی تعلیم پر شروع ہوا۔ بخاری کے مطابق رکوع میں ابتداً ہاتھ گھٹنوں پر رکھنے کی جگہ ٹکائے، چھوڑنے جاتے تھے۔ باقی کوئی چیز مجھے نہیں معلوم سوائے اس کے کہ شروع میں دو نمازیں تھیں، معراج کے بعد پانچ ہو گئیں۔ یہ حدیث ہی میں ہے لا صلاۃ الا الفاتحۃ الکتاب۔ ابن قتیبہ کی کتاب کے مخطوطوں کی میں نے کبھی تحقیق نہ کی۔ میری کتابوں کی فہرست مرتب کرنے کے لیے ایک مددگار کی ضرورت ہے۔ فی الحال یہ ممکن نہیں۔ حضرت خدیجہ کے نکاح کے حالات ابن ہشام میں پڑھیں تو خطبہ وغیرہ کی تفصیل ملے گی۔ عہد اسلام کے متعلق میں نے کبھی نہ تحقیق کی اور نہ یاد ہے کہ کہیں کچھ پڑھا ہو۔ علالت کے باعث معذرت چاہتا ہوں کہ تشفی بخش جواب دے نہیں سکتا۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.