ڈاکٹر حمید اللہ بنام ڈاکٹر خورشید رضوی
ڈاکٹر حمید اللہ بنام ڈاکٹر خورشید رضوی
بسم اللہ
آٹھ محرم 1408ھ
مخدوم و محترم
سلام مسنون و رحمتہ اللہ وبرکاتہ
کل یکم ستمبر کو کتب خانہ السنہ شرفیہ گیا۔ وہ کھل تو گیا ہے لیکن ادھورا۔ ایک ماہ اور صرف بعد ظہر کھلے گا۔ صبح میں بند رہے گا۔
بہر حال کل وہاں اسپینی رسالہ تلاش کیا۔ افسوس ہے کہ وہ ان کے ہاں نہیں آیا ہے۔ آج کتب خانہ عام گیا، وہاں بھی یہ رسالہ نہیں آتا ہے۔ مولف مضمون پورا رسالہ، پورا مضمون نہیں۔ صرف آپ کے سوال کے جواب تو دے سکتے ہیں کہ مطلوبہ مخطوطہ ایسکوریال میں ہے یا نہیں۔ بہرحال بے بس ہوں۔
صفدی کی وافی بالوفیات تیس چالیس جلدوں میں بیان کی جاتی ہے۔ برکلمان نے اور تفصیلوں کے علاوہ یہ بھی لکھا ہے کہ اس کی جس جلد میں حرف عین کے نام ہیں وہ برٹش میوزیم میں ہے (کوئی لندن کے دوست شاید آپ کو مدد دے سکیں) اور یہ کہ عین غین فاء کی جلد یا جلدوں کا Gayangos نے ذکر کیا ہے لیکن یہ صراحت نہ ملی کہ کہاں، تاکہ تلاش کر سکتا۔ اور یہ صفدی کا نسخہ بخط مولف Gotha مشرقی جرمنی میں ہے، ایک ٹکڑا آیا صوفیا، استنبول میں ہے۔
بہرحال بہ حالت موجودہ سوائے معذرت کے کوئی حل نظر نہیں آتا ہے۔
ہاں برکلمان نے یہ بھی ذکر کیا ہے کہ گابرئیلی نام اطالوی پروفیسر نے ایک مضمون لکھا تھا کہ صفدی کی جلدیں دنیا میں کہاں کہاں ہیں اور یہ کہ یہ مضمون روم کے رسالے Accademeia dei lincei میں چھپا ہے۔ یہ رسالہ یہاں مل جائے گا اور ضرورت ہو تو آپ کے لیے تلاش کروں گا۔ کچھ مصروفیت ہونے سے زیادہ وقت کتب خانے میں گزار نہیں سکتا، لیکن ایک مصیبت ہے، کل آپ کے خط، جس میں تفصیلیں تھیں کتب خانے میں نہ معلوم کیسے غائب ہو گیا۔ آئندہ ضرورت پر تفصیل مکمل کر دینے کی التجا ہے۔ کوئی اور خدمت ہو تو یاد سے سرفراز فرمائیں۔
نیاز مند
محمد اللہ