ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 16 ربیع الاول 1410ھ
16 ربیع الاول 1410ھ
محترم و مکرم زادمجدکم
سلام مسنون ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کرم نامہ ملا۔ شکر گزار ہوں۔
بوڑھا ہو گیا ہوں، بالکل یاد نہیں کہ آپ کی کسی بات پر برہمی کااظہار کیا۔ معافی کا طالب ہوں۔
کتاب القرآن فی کل السان کے متعلق بھی حافظہ مدد نہیں کر رہا ہے۔ میں نے آپ کو اس کے چھاپنے کی اجازت دی ہے تو ضرور چھاپیں۔ اگر سابق میں اور کو بھی اجازت دی ہے تو ظاہر ہے کہ وہ اس سے متاثر نہیں ہو گی۔ حال میں (آپ کے بعد) میں نے کسی کو اجازت نہیں دی ہے۔ میں اکبر احمد نامی کسی شخص سے واقف نہیں۔ اگر فلاڈیلفیا (امریکا) والے میرے رشتہ دار (بھانجی کے بیٹے) ہیں تو ان کا نام احمد عبد الخالق ہے۔
نئی دہلی کے ناشر Vikas کا جو ذکر آپ نے فرمایا ہے میں اسے سمجھ نہ سکا کہ اس نا چیز سے آپ کیا چائتے ہیں؟ میں نہ اس ناشر سے واقف ہوں اور نہ اس کی کتابوں سے۔ بوڑھا ہو گیا ہوں۔ پیری و صد عیب۔ تھکا ہوا بھی ہوں۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ