ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 17 فروری 1993ء

17 فروری 1993ء
مخدوم و محترم واہل خاندان کان للہ معکم
سلام مسنون ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔
آپ کے دو کرم نامے ایک ساتھ، دو تین دن ہوئے ملے۔ دلی شکریہ۔
ممکن ہے آئندہ خط میں تاخیر ہو۔ میں ایک آپریشن کے لیے ہسپتال میں جانے پر مجبور ہوا ہوں۔ غالباً 28 فروری(1) کو جانا ہو گا اور معلوم نہیں کتنے دن وہاں رہنا ہو گا۔ محتاج دعا ہوں۔
اخبار جنگ کے تراشے جس خط میں بھیجے گئے تھے اس سے اب مایوس ہو جانا چائیے۔ اسے کوئی اہمیت بھی نہیں۔
تسبیح ٹھیک ہے(2) مثلاً سبحان اللہ وبحمدہ صلی اللہ علی رسولہ۔
آپ نے ولیمے(3) کی دعوت کا کارڈ بھیجا ہے۔ ان شاء اللہ تقریب بخیر و عافیت انجام کو پہنچی ہو گی۔ خدا آپ سب کو حسنات دارین عطا فرمائے۔
میں ڈاکٹر رضی الدین صاحب کو مرحوم مولانا احسن گیلانی صاحب(4) کے متعلق خط نہیں لکھ سکا۔ زندگی ہے تو ان شاء اللہ کچھ کر سکوں گا۔
آج اسی پر اکتفا کرتا ہوں۔ معذرت قبول فرمائیں۔ آپ سب کے لیے دلی دعا ہے۔ رمضان المبارک (5)بھی آ رہا ہے وہ آپ کے لیے بھی مبارک ہو۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ
____________
حواشی:
(1) ڈاکٹر صاحب نے لکھا ہے کہ آئندہ خط کے جواب میں تاخیر ہو جائے گی کیوں کہ وہ ایک آپریشن کے سلسلے میں ہاسپٹل میں داخل ہوں گے اور وہ 28 فروری 1992ء کو ہاسپٹل میں داخل ہوں گے اور نہ جانے کتنے دن وہاں رہنا پڑے۔ دعا کے لیے لکھا ہے کہ آپریشن کی کامیابی کے لیے دعا کروں۔
(2) میں نے روزانہ کے لیے ڈاکٹر صاحب سے تسبیح پڑھنے کے لیے معلوم کیا تھا کہ وہ کیا پڑھتے ہیں۔ ان کا جواب آیا کہ سبحان الله والحمد لله وصل للہ علی رسولہ۔ چنانچہ اور تسبیحوں کے ساتھ روزانہ یہ تسبیح بھی خاص طور پر پڑھتا ہوں اور قارئین سے بھی درخواست ہے کہ وہ بھی تسبیح کا ورد کرتے رہیں۔
(3) ڈاکٹر صاحب کو میں نے میرے لڑکے معین قریشی کی شادی کے ساتھ ساتھ ولیمے کا کارڈ بھی بھیج دیا تھا جس کے لیے علحدہ دعا کی ہے کہ خدا آپ سب کو حسنات دارین عطا فرمائے۔
(4) ڈاکٹر صاحب پہلے لکھ چکے تھے کہ مولانا مناطر احسن گیلانی صاحب کے خلاف جو مضمون شائع ہوا تھا اس کے تردیدی جواب کے لیے ڈاکٹر رضی الدین صدیقی صاحب کو لکھوں کہ وہ جواب لکھیں۔
(5) ڈاکٹر صاحب نے رمضان المبارک کے شروع ہونے سے پہلے مبارک باد دی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.