ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 25 ربیع الآخر 1410ھ
25 ربیع الآخر 1410ھ
مخدوم و محترم زاد مجدکم
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
آپ کے دو ایک خط ایک ساتھ پہنچے۔ شکر گزار بھی ہوں اور انتہائی متاسف بھی کہ ڈاکٹر معین الحق صاحب دنیا سے کوچ کر گئے، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ خدا انھیں جنت میں اعلیٰ درجات نصیب فرمائے۔
میں نے ان کی بیوی کو میری ایک قریبی رشتہ دار ہیں تعزیتی خط لکھ دیا ہے۔ مرحوم کے لیے قرآن مجید کا ان شاء اللہ ایک ختم پڑھوں گا۔ یہاں القرآن فی کل السان کا تکلمہ جو قلمی مسودے کی شکل میں تھا، میرے ہاں سے غائب ہو گیا ہے۔ شاید چوری ہو گیا ہے۔ اللہ کی مرضی، فی الوقت اس کی تلافی میرے لیے ممکن نہیں۔
بے حد تھکا ہوا ہوں اس لیے اخباروں کی ستم ظریفی وغیرہ کے متعلق آپ جو مناسب سمجھیں فرمائیں۔ پیشگی شکریہ۔
مکان میں سلام۔
مکرر میں قاضی بدر الدولہ مرحوم کا پوتا اور خلیل اللہ مرحوم کا بیٹا ہوں۔
خادم
محمد حمید اللہ