ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام ڈاکٹر احمد خان، 1384ھ

29 ربیع الآخر 1384ھ
مکرمی دام لطفکم
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
ایک سفر سے واپس آیا تو آپ کا عنایت نامہ منتظر ملا، شکریہ۔
وراقت(1) ایک وسیع مضمون ہے۔ میں نے کبھی اس کا خصوصی مطالعہ نہیں کیا، اس لیے معلومات کم ہیں۔ کاغذ پر مجلہ تحقیقات علمیہ عثمانیہ کے ایک پرانے نمبر میں پروفیسر جمیل الرحمن مرحوم کا ایک اچھا مضمون تھا۔ مختلف عصور اور مختلف ممالک کے عربی خطوں کے نمونے مخطوطات کی اساس پر انگلستان اور فرانس میں کئی لوگوں نے چھاپے ہیں (جو بہت گراں ہیں) سنا ہے کہ ایک البم صلاح الدین المنجد نے بھی چھاپا ہے۔ ہامبورگ کے ششماہی عربی رسالہ فکر و فن نے ( جو آپ کو کراچی کی جرمن سفارت سے مل سکے گا) اپنے شمارہ سوم کو عربی خط سے مخصوص رکھا تھا۔ اس میں میرا مقالہ صناعۃ الخط فی عصر الرسول والصحابۃ بھی ہے۔ Metz کی جرمن Renaissance des Islam کا عربی ترجمہ محمد ابو ریدہ نے مصر میں چھاپا ہے۔ اس میں کافی معلومات ہیں۔ انسائیکلوپیڈیا آف اسلام میں عرب کے تحت عربی خط پر بھی بحث ہے۔
معارف میں قاضی الرشید کے مضمون میں ان مضامین کا ذکر ہے جو اس موضوع پر چھپے ہیں۔ کراچی کے ہسٹاریکل سوسائٹی اکتوبر 1963ء کو بھی دیکھیے۔
میں پاریس یونیورسٹی سے کوئی تعلق نہیں رکھتا ہوں۔ صرف پاریس میں سکونت پذیری پر مجبور ہوں۔
مخلص
محمد حمید اللہ
___________________________
حواشی: وراقیت مخطوطات سے متعلق علم ہے جس میں کاغذ کی بناوٹ، خطی نسخے کی نقل و مقابلہ، اس کی جلد بندی تک کے مراحل سے متعلق معلومات جمع کی جاتی ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.