ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام ڈاکٹر نبی بخش بلوچ – اٹھائیس رجب 1408ھ
ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام ڈاکٹر نبی بخش بلوچ
بسم اللہ
اٹھائیس رجب 1408ھ
4- Rue de Tournon
paris-6/ France
محترم و مکرم زاد مجدکم
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔گزشتہ ہفتے کرم نامہ ملا تھا اور میں ممنون و مشرف بھی ہوا تھا۔ فوراً کتاب آپ کو ہوائی ڈاک سے دوبارہ بھیج دی۔ امید ہے کہ مل گئی ہو گی اور آپ کی عزیز بچی خوش ہو گی۔ میں نے ایک سوال کی جسارت اور گستاخی کی تھی۔ جواب دیتے وقت غالباً یاد نہ رہا۔ وہ یہ کہ آپ نے مولانا سبحانی کشمیری کے ترجمہ قرآن مجید کے متعلق ایک زمانے میں دلچسپی لی تھی۔ محترم صدر پاکستان نے اس کے چھاپنے کا حکم دیا تھا۔ اب وہ کس مرحلے میں ہے؟ میں نے شاید آپ کو لکھا تھا کہ فرانسیسی ترجمہ قرآن مجید اب پندرھویں مرتبہ چھپ رہا ہے۔ الحمد اللہ اس دفعہ ناشر ایک لاکھ نسخے چھاپنا چاہتا ہے۔ خدا اسے اجر عظیم عطا فرمائے۔ پروف درست کر کے واپس کر چکا ہوں۔ کچھ ترمیمیں بھی ہیں۔ خدا کرے وہاں اور سب خیرو عافیت ہو اور ہم لوگوں کو خدا نیک توفیق دے۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ