ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام ماہنامہ فاران، 21 جمادی الاول 1390ھ

c/o Schmoelz
8959-Weissese
West Germany
21 جمادی الاولی 1390ھ – دو شنبہ
مکرمی دام لطفکم
سلام مسنون۔ خدا کرے آپ خیر و عافیت سے ہوں۔ ایک زحمت دہی کی جرات کرتا ہوں، بشرط کہ فرصت ہو۔ یہ سن کر آپ کو مسرت ہو گی بال جبریل کا فرانسیسی میں (اور پہلی بار ایک فرنگی زبان میں) ترجمہ ہوا ہے اور معلوم ہوا کہ یونیسکو نے اسے چھاپنا منظور کر لیا ہے۔
فرانسیسی مترجمہ نے بعض مشکلات میں مجھ سے رجوع کیا ہے۔ اگر آپ میری دستگیری فرمائیں تو میں بھی ممنون ہوں گا کہ یہ میرا موضوع نہیں ہے اور وہ بھی ممنون ہو گی۔
ص 210: میری آتش کو بھڑکاتی ہے تیری دیر پیوندی __ کئی لوگوں نے دیر پیوندی پڑھ کردیر یا مشکل سے مانوس ہونا بیان کیا ہے۔ میں دَیر یعنی خانقاہ پڑھتا ہوں کہ خدا صوفیوں کی خلوتوں میں ملتا ہے، سرراہ نہیں۔
ص 79: تو آپ ہی اپنی روشنائی___ میں اس سے روشنی نہیں، بلکہ سیاہی، یعنی لکھنا، یعنی تقدیر مراد لیتا ہوں۔
ص 171: اتر کر جہاں مکافات میں ___مکافات تو آخرت میں ملے گی۔ کیا مراد یہ ہے کہ وہ جہاں جس کے اعمال کی ایک دن مکافات ہو گی؟
ص 14: جہانِ مرغ و ماہی ____ اس کی وجہ تسمیہ کیا ہے؟ ہوا کے پرند، سمندر کی مچھلیاں یعنی وہ دنیا جو تحت الثریٰ سے (آکاش سے پاتال) تک ہے؟ پھر محاورۂ ”ماہی مراتب” کی کیا توجیہ ہو گی؟
ص 64: عیار گرمئی صحبت ہے حرف معذوری ___ معذرت کس کی طرف ہے؟ ساقی یا رند۔
ص 150: حق را بسجودے، صنماں رابطوافے ___ کیا ریا کارانہ عبادت مراد ہے؟
ص 153: آئینہ کائنات کا معنی دیر یاب ہو تو ___ کون خدا، یا عشق؟
اقبال کی عربی سے ناوقفیت دیکھ کر حیرت بھی ہے افسوس بھی، باالسان (ص 54)، ارنی (91) لللھ (ص 161) اور سب سے بڑھ کر لزومات (ص 209) جو نہ صرف متن میں ہے کہ وزن شعر کا بہانہ کریں بلکہ حاشیے میں بھی۔ کتاب کا صحیح نام لزومیات ہے۔
یہی حال جرمن دانی کا ہے: نیٹشا (82)
خدا کرے آپ خیر و عافیت سے ہوں۔ اوپر دیئے ہوئے پتے پر (جو ماہ اگست 1970ء کے لیے ہے) جواب مرحمت ہو تو مجھے جلد مل جائے گا۔ دلی شکریہ۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ
ماخذ: ماہنامہ فاران۔ اکتوبر 1970ء

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.