ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 5 صفر 1410ھ
5 صفر 1410ھ
محترمی زاد مجدکم
سلام مسنون۔
مجھے معلوم نہ تھا نہ تجربہ ہے کہ بیماروں، تھکے ہوئے بوڑھوں کو خط میں کوئی بار زحمت نہیں ہوتی وہ محض بیکار اور چاق و چوبند رہتے ہیں۔
القرآن فی کل لسان ابھی امریکا میں نہیں چھپی۔ کب، اللہ کو معلوم۔ میری حیدر آبادی زندگی میں چھپے ہوئے مضموں وہیں رہ گئے۔ یہاں کی اکتالیس سالہ زندگی کے مطبوعات صرف یہیں ہیں۔ عطاء اللہ میرا بھتیجا ہے اس سے طے ہوا کہ وہاں کے مضمونوں کے فوٹو وہ بھیجے، یہاں کے مضمونوں کے فوٹو اس کو بھیجے جائیں گے تا کہ دونوں جگہ ذخیرہ ممکنہ حد تک مکمل رہے۔ پاریس میں عام طور پر زیراکس کاپی فی صفحہ ایک فرانک ہوتی ہے۔ یہاں مجموعہ مقالات کی طباعت کا کوئی سوال نہیں کہ ہاتھ خالی ہیں۔ یہاں تا حال کئی ہزار صفحے فوٹو لیے جا چکے ہیں۔ ابھی کافی کام باقی ہے (مضمونوں کی تعداد اب ایک ہزار سے زائد ہو چکی ہے کتابیں الگ ہیں الحمد للہ)۔
مولانا اسرار احمد (لاہوری) گزشتہ ہفتے پاریس میں تھے۔ وہ ماڈل ٹاؤن میں رہتے ہیں۔ مجھے سورہ فاتحہ پر کتابیں نہیں، بلکہ ہر زبان میں ترجمہ درکار ہے۔ اب تک ڈیڑھ دو سو زبانوں کے ترجمے الحمد للہ جمع ہو چکے ہیں (القرآن فی کل لسان کی طباعت جدید کے لیے) آپ نے دو نئی زبانوں کا ذکر فرمایا ہے تو بے خیالی میں زحمت دے دی معاف فرمائیں۔
میرے ذہن میں نہیں آپ کی مجوزہ اشاعت گاہ کے لیے کوئی قابل ذکر چیز نہیں ہے نہ قوت کہ تلاش شروع کروں۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ