ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، رمضان المبارک 1411ھ

رمضان المبارک 1411ھ
مخدوم و محترم زادمجدکم
سلام مسنون ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔ رمضان مبارک۔ کرم نامہ ملا۔ سرفراز ہوا۔
اسلام آباد کے جس رسالے میں میرا عربی مضمون(1) چھپا تھا انھوں نے ایک اور صاحب کا مضمون میری تردید میں شائع کیا۔ میں نے چند سطری جواب بھیجا معلوم نہیں چھپے گا یا نہیں۔
میں عرض کر چکا ہوں کہ ترجمان القرآن(2) والوں نے بالآخر جواب دیا اور میرا مضمون مانگا۔ بہت مصروف اور تھکا ہوا ہوں، ان شاء اللہ جلد ان کو مضمون بھیجوں گا۔
مجھے اس کے انگریزی ترجمے کی خواہش نہیں ہے۔ خاص کر غیر مسلموں کی رائے کی مجھے ضرورت نہیں ہے۔
حسن الدین احمد صاحب(3) کے خط کی نقل کا شکریہ۔ مجھے علم نہیں کہ حبیب کمپنی والے امریکا چلے گئے ہوں۔ رہا حمید اللہ ٹرسٹ ان بچوں نے مجھے کبھی نہیں لکھا کہ وہ میرے سارے مضامین کو یکجا چھاپنا چاہتے ہیں۔
بہر حال آپ کی نوازشوں اور تکلیف فرمائیوں کا دلی شکریہ۔ خدا آپ اور اہل و عیال سب کو خیر و عافیت سے رکھے۔
نیاز مند۔
محمد حمید اللہ
_________________
حواشی:
(1) ڈاکٹر صاحب کا تردیدی مضمون رسالہ الدراسات السلامیہ اسلام آباد میں چھپنے کے بعد ڈاکٹر صاحب کے مضمون کی تردید میں کسی صاحب نے اپنا مضمون شائع کروایا تھا جس کا جواب بھی ڈاکٹر صاحب نے عربی رسالے کو دے دیا تھا۔ (اس کے چھپنے کی تصدیق نہ ہو سکی)۔
(2) ڈاکٹر صاحب کا رسالہ ترجمان القرآن کے ایڈیٹر کے حوالے سے لکھا ہے کہ انھوں نے ڈاکٹر صاحب سے مضمون لکھنے کے لیے کہا ہے تا کہ اختلافی مسائل کی تردید ہو جائے۔
(3) حیدر آباد میں حبیب کمپنی نے ڈاکٹر صاحب کے نا مسے ٹرسٹ قائم کیا تھا اور ڈاکٹر صاحب کے مضامین کو شائع کرنا چاہتے تھے لیکن ڈاکٹر صاحب نے لکھا کہ خود حبیب کمپنی کے مالک نے ان کو یہ نہیں لکھا کہ وہ مکمل مجموعہ شائع کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے جناب حسن الدین احمد صاحب کا خط بھجوایا تھا جس میں حبیب کمپنی والوں کو امریکا منتقل ہونے کا ذکر تھا۔ خود کمپنی والوں نے ڈاکٹر صاحب کو اطلاع نہیں دی تھی حالاں کہ اصولاً اطلاع دینا ضروری تھا کیوں کہ وہ حمید اللہ ٹرسٹ کے بانی تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.