ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 11 فروری 1991ء
11 فروری 1991ء
مخدم و محترم زادمجدکم
سلام مسنون ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔ ہفتہ بھر ہوا کرم نامہ مورخہ 26-1-91 ملا۔ ممنون ہوا۔ جواب میں دیری پر شرمندہ ہوں۔
ترجمان القرآن کو میں نے عرصہ ہوا خط لکھا تھا کہ میرے عربی مضمون کو اسلام آباد نے رد کر دیا ہے۔ کیا میرا جواب آپ شائع کرنا پسند کریں گے؟ (اس کا تا حال جواب نہیں آیا ہے) مرضی مولا ازہمہ اولی۔ میں عراق(1) کو ظلم کا آغاز کرنے والا اور ساری امت کی التجا کو کہ کویت کا تخلیہ کر دو نہ ماننے والا سمجھتا ہوں۔ سعودی عرب کا میری دانست میں کوئی قصور نہیں ہے۔ غیر مسلموں سے فوجی حلیفیاں رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمائی تھیں۔
خدا مسلمانوں اور انسانوں پر رحم فرمائے اور انھیں راہ ہدایت عطا فرمائے۔ آمین مکان میں اور سب بچوں کو سلام۔
الفقیر الی اللہ
محمد حمید اللہ
__________________
حواشی: عراق کویت پر حملہ آور تصویر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ صدام حسین کو حملہ آور تصور کرتے ہیں اور وہی قصوروار ہے۔ سعودی عرب نے امریکا سے مل کر جو اتحاد کیا تھا اس کو فوجی حکمت عملی خیال کرتے ہیں۔