ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 14 جولائی 1993ء

14 جولائی 1993ء
مخدوم و محترم زادمجدکم
سلام مسنون ورحمتہ اللہ وبرکاتہ۔ کچھ دن ہوئے حیدر آباد سے متعلقہ کتاب کے پہنچنے کی اطلاع دے چکا ہوں۔ انتظار ہے کہ قیمت اور مصارف ڈاک کی اطلاع آئے تا کہ ادا کر سکوں۔
ابھی ابھی بہادر یار جنگ اکادمی(1) سے ایک پارسل آیا ہے جس میں حیدر آباد سے متعلقہ کتاب مکرر آئی ہے۔ مزید برآں ڈاکٹر رضی الدین صدیقی صاحب کی سوانح عمری کا بھی ایک نسخہ ہے۔
آپ سے التماس ہے کہ ان سے بھی قیمت اور مصارف ڈاک لکھوا کر بھجوائیں تا کہ ان کو بھی رقم ادا کر سکوں۔
ساتھ ہی حکیم زبیری صاحب کے پاس سے ایک تار آیا ہے (اس میں میرا نام Hameedullah(2) لکھا ہے) اور اطلاع دی ہے کہ کتاب النبات چھپ گئی ہے اور اس کا ایک نسخہ بھیجا گیا ہے۔ الحمد للہ۔ شکر گزار ہوں ان کا بھی اور آپ کا بھی اگر نا مناسب نہ ہو تو ٹیلیفون پر میری طرف سے ان کا شکریہ ادا کر دیں۔
مکان میں سب کو سلام عرض ہے۔
خادم
محمد حمید اللہ
_________________
حواشی:
(1) ڈاکٹر صاحب نے لکھا ہے کہ بہادر یار جنگ اکیڈیمی کی طرف سے بھی جناب قطب الدین عزیز صاحب کی کتاب کے ساتھ ڈاکٹر رضی الدین صدیقی صاحب کی سوانح عمری کا ایک نسخہ بھی بھجوایا گیا تھا جس کے لیے ڈاکٹر صاحب نے جملہ اخراجات لکھنے کے لیے کہا تھا۔ میں نے جواب میں کچھ نہیں لکھا کیوں کہ ڈاک کے اخراجات پہلے میں نے بعد میں اکیڈیمی نے خوشی سے ادا کئے تھے۔
(2) ڈاکٹر صاحب نے کتاب النبات کے ملنے کے بعد شکریہ ادا کیا ہے۔ لیکن حکیم نعیم الدین صاحب کی غلطی کا بھی اظہار کیا ہے جو کہ انھوں نے نام کے لکھنے میں کی تھی۔ انھوں نے Hameedullah لکھوایا ہے ممکن ہے کہ کمپوزنگ کی غلطی ہو، ویسے ڈاکٹر صاحب اپنے نام کی Spelling کا خاص خیال رکھتے تھے۔ وہ ہمیشہ انگریزی میں اپنا نام hamidullah لکھتے تھے۔ ڈاکٹر صاحب نے لکھا کہ حکیم نعیم الدین زبیری صاحب کو کتاب النبات کے شائع کرنے پر شکریہ ادا کریں۔ میں نے ٹیلی فون پر حکیم صاحب کا شکریہ ادا کر دیا تھا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.