ڈاکٹر محمد حمید اللہ کا مکتوب بنام مدیر ماہنامہ معارف اعظم گڑھ ۔ 26 رمضان المبارک 1401ھ
پیرس 26 رمضان المبارک 1401ھ
محترمی زادمجدکم
سلام مسنون۔عید مبارک
ابھی ابھی جولائی کا معارف پہنچا، ممنون ہوا۔
اس کے صفحہ 17، 18 میں عبد اللہ بن عمر غلط ہے، یہ حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاص ہیں۔ مرحوم شاہ معین الدین احمد صاحب نے یہ غلطی نہیں کی ہو گی۔
مرحوم کے بیان پر کہ بے شک ابتدا میں رسول اللہ صل للہ علیہ والہ وسلم نے کتابت حدیث کی ممانعت کی تھی، فاضل معاصر محمد مصطفٰی الاعظمی کی یہ تحقیق ناظرین کی خدمت میں پیش کئے جانے کے قابل ہے کہ ممانعت کا حکم رسول اللہ سے صحیح حدیثوں میں کہیں ثابت نہیں۔ صرف ایک حدیث حضرت ابو سعید
الخدری کی ہے جوصحیح مسلم میں داخل ہو گئی ہے لیکن ابن حجر نے فتح الباری میں بیان کیا ہے کہ امام بخاری نے اسے بھی رد کر دیا اور خیال ظاہر کیا کہ یہ حضرت ابو سعید الخدری کی ذاتی رائے ہے جو کسی غلطی سے رسول اللہ صل اللہ علیہ والہ وسلم کی صرف منسوب ہو گئی ہے۔
اس خبر سے بھی مسرت ہوئی کہ سیرت شامی چھپ رہی ہے۔ خدا جلد مکمل کرائے۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ