ڈاکٹر حمید اللہ بنام ڈاکٹر خورشید رضوی
ڈاکٹر حمید اللہ بنام ڈاکٹر خورشید رضوی
اٹھائیس محرم 1408ھ
مخدوم و مکرم زادمجدکم
السلام علیکم ورحمتہ اللہ برکاتہ
کرم نامہ ملا، ممنون ہوا۔ ساری باتوں کا تو آج جواب نہیں دے سکوں گا۔ قسط اول ہے:
الوافی بالوفیات کی یہاں پارلیس میں پانچ جلدیں ہیں، آج ان کو دیکھنے کتب خانہ عام گیا۔ ان میں دیباچہ، خاتون تا سنقر، سعید بن علی تا صاعد، عبادہ بن صامت تا عبید اللہ بن الفضل کے حالات ہیں۔ گابرئیلی کے مضامین تلاش کروں گا۔ ان شاء اللہ۔
ابن البیشی اور ابن النجار کی کتابوں سے کیا ذیل تاریخ بغداد مراد ہے یا کوئی اور چیزیں؟ ندامت سے یاد دلاؤں گا کہ آپ کا پرانا خط کھو گیا ہے۔
اگر میڈرڈ کے سفارت پاکستان میں کوئی آپ کے تعارفی ہوں تو انھیں، ورنہ کلچرل اتاچی کو لکھ کر دیکھیے کہ اسپینی رسالے کے اوراق کی، وہ آپ کو فوٹو کاپی روانہ فرمائیں۔ فی الحال تو کوئی اور حل نظر نہیں آتا۔
فواد سزگین صاحب نے مجھ سے فرمایا تھا کہ وہ بروکلمان کی تتبع کر رہے ہیں۔ واللہ اعلم
تاریخ اربیل کے متعلق برکلمان کو کسی نسخے کا پتہ نہیں چلا ہے۔ مجھے بھی نہیں۔
کیا یہ خاکسار بھی آپ کو کوئی زحمت دے سکتا ہے۔ یہاں کے کتب خانہ مدرسہ السنہ شرقیہ کی تہذیب التہذیب لابن حجر غائب ہو گئی ہے۔ اگر وہاں ہو تو کیا آپ اس میں دو نام تلاش فرما سکیں گے؟ یعنی
جعفر بن نسطورا الرومی
ابو محمد عبد اللہ بن محمد بن زیاد السندی
خاص کر نمبر 1 پر بڑی تشویش ہے کہ کون ہیں؟
حفظکو اللہ وعافاکم
نیازمند
محمد حمید اللہ