ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 26 اکتوبر 1993ء

26 اکتوبر 1993ء
مخدوم و محترم واہالی۔ خوش رہو۔
سلام مسنون۔ آپ کا 25 ستمبر کا خط اب پہنچا ہے، شکریہ۔ میرے گزشتہ خط شاید آپ کو ملے ہوں۔ کتاب النبات کا انتظار رہے۔ اللہ مالک ہے۔
ایک زحمت دینے کی جسارت کرتا ہوں۔ میں نے محترم جسٹس تقی عثمانی صاحب کو ایک فرانسیسی کتاب اظہار الحق مولفہ رحمت اللہ دہلوی ہوائی ڈاک سے بھیجی تھی۔ کیا وہ ان کو پہنچی یا نہیں؟ سنا ہے کہ اس فرانسیسی کتاب کا انگریزی ترجمہ بھی ہوا تھا (گزشتہ صدی میں) تلاش کر رہا ہوں۔
جامعہ عثمانیہ کی جوبلی کے سلسلے میں خط آیا ہے کہ حکومت سے اجازت مانگنی ہے۔ اجازت ملنے کے بعد مجھے دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔ اس کا انتظار ہے۔ گراں خرچ ہے مگر ان شاء اللہ دو چار دن کے لیے آ جاؤں گا۔
مجھے اپنی مطبوعات میں سے کسی پر بھی رائلٹی ایک پائی کی بھی نہیں ملتی۔
مکان میں سب کو میرا سلام۔
ناچیز خادم
محمد حمید اللہ
مکرر:-
آج آپ کا نیا خط ملا جو 21 اکتوبر کا ہے۔ دلی شکریہ۔
(1) قطب الدین عزیز صاحب نے اس کا ذکر نہیں کیا ہے۔ حیدر آبادی وفد کا ایک جزو عراق اور ایران بھیجا گیا جو اس سے فارغ ہو کر پاریس پہنچے اور معین نواز جنگ صاحب کے ساتھ رہے۔
(2) مجھے اس کی کوئی سہولت نہیں ہے کہ عزیز صاحب کی کتاب کا فرانسیسی ترجمہ کروں یا کراؤں اور چھپواؤں۔
(3) حیدر آباد کے قصے پر خود کچھ لکھوں اور چھپواؤں۔ اس سے معذرت چاہتا ہوں۔ میں 87 سال سے متجاوز ہو چکا ہوں۔
کیا آپ کے پاس قطب الدین عزیز صاحب، جو کتاب The Murder of a State کے مولف ہیں، پتہ ہے میں ممنون ہوں گا اگر ان کا پتہ معلوم ہو سکے۔
مکان میں سب کو سلام و کورنشات۔
نیازمند
محمد حمید اللہ۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.