ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام ڈاکٹر انعام الحق کوثر

Rue de Tournon
75006-Paris/ France
اسلام آباد (18 ربیع الانور 1400ھ)
مخدوم و محترم زادفیضکم
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ!
آپ کے اخلاق عالمانہ کے باعث بلا تعارف زحمت دینے کی جسارت کر رہا ہوں۔ ایک سرکاری کام پر میں چار دن سے اسلام آباد میں ہوں۔ ان شاء اللہ آئندہ جمعہ کو پاریس (پیرس) واپس ہو جاؤں گا۔ یہاں کے اثنا قیام میں فکر و نظر کے تازہ نمبر کو دیکھنے کا موقع پایا اور ادارہ تحقیقات علمیہ سے آپ کا پتہ بھی مل گیا۔ وجہ تحریر ایک تو بلوچستان کی پرانی علمی تاریخ پر آپ کے عالمانہ مقالے پر مودبانہ مبارکباد عرض کرنا ہے اور دوسرے بعض استفسار ہیں۔ مجھے عہد نبوی اور خلافت راشدہ کے حالات کے ہر پہلو سے دلچسپی ہے آپ کے مقالے نے بعض نئے گوشے کھولے اورنئی راہوں کی نشاہدہی کی ہے۔ بارک اللہ فی مساعیکم۔ مجھے قرآن مجید کے تراجم سے بھی دلچسپی ہے۔ مکمل اور نامکمل تراجم و کلام پاک مجھے تاحال ایک سو تیئس سے زائد ہی زبانوں میں مل چکے ہیں۔ آپ نے مرحوم مولانا محمد عمر دین پوری کے جس ترجمے کا ذکر فرمایا ہے کیا وہ کوئٹہ میں چھپا ہے؟ یا کسی اور جگہ؟ کیا یہ بازار میں دستیاب ہو سکے گا یا اب ناپید ہے؟ آخر الذکر صورت میں کیا زحمت دے سکتا ہوں کہ اس سے سورۂ فاتحہ کا ترجمہ کسی فرصت میں نقل فرما کر اس خادم کو رہین منت فرمائیں۔
مجھے 1936ء میں کوئٹہ دیکھنے کی مسرت حاصل ہوئی تھی۔ اب تو بہت بدل گیا ہو گا۔ میں آئندہ جمعہ کو ان شاء اللہ وطن نامالوف پاریس کو واپس ہو رہا ہوں۔ لیکن 8 تا 21 مارچ بہاولپور اسلامیہ یونیورسٹی میں گزارنے کے لیے مکرر حاضر ہونا ہے چونکہ اس کے فوراً بعد Valencienne یونیورسٹی (شمالی فرانس) کو جانا ہے اس لیے اس کا شاید امکان نہ ہو گا کہ کوئٹہ حاضر ہونے کی مسرت حاصل کر سکوں۔ بہرحال آپ سے غائبانہ تعارف اور عقیدت ہے۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.