ڈاکٹر حمید اللہ بنام مولانا محمد طاسین
پیرس۔ فرانس
2 رجب 1379ھ
مخدومی سلام مسنون
عنایت نامہ ملا۔ ابھی یقین تو نہیں لیکن رباط و روس میں جانا ہوا تو ضرور مناسب تحقیق کر کے عرض کروں گا۔ بہترین صورت تو یہ ہے کہ کوئی نوجوان دین دار عربی دان، دو چار ہفتوں کے لیے صنعا بھیج دیا جائے، اگر میری یاد غلطی نہیں کرتی تو وہاں کی جامع مسجد میں بھی ایک کامل نسخہ ہے۔ بروکلمان GAL یعنی فہرست الفہارس الکتب العربیہ پچاس سال کی محنت کے بعد جرمنی میں سات جلدوں میں چھپی ہے،اگر جرمنی اور روس میں کوئی نسخہ ہوتا تو پروفیسر بروکلمان سے مخفی نہ رہ سکتا، وہ صرف استنبول کے نسخوں کا ذکر کرتا ہے اور بس۔ تراتیب اداریہ عرصے سے بازار میں ناپید ہے، مولف فرانس میں پناہ گزین ہیں (کہ سلطان مراکش کے خلاف حصہ لے کر انہیں معزول کرایا تھا) مگر پتا نہیں کہاں ہیں۔ یوں بھی ان کی جائیداد ضبط ہوگئی ہے۔ ممکن ہے سفر رباط کے وقت بازار میں کسی جگہ کوئی نسخہ مل جائے۔ دو جلدیں ہیں جلد اول کا نام تراتیب اور دوم کا نام نظام الحکومۃ النبویہ ہے۔
حجتہ اللہ البالغہ کا فرانسیسی ترجمہ کر رہاں ہوں، بفضل خدا قریب الختم ہے۔ جلد دوم ص 62 پر ایک حدیث لکھی ہے کان فی بنی اسرائیل رجل قتل تسعاو تنعین الفا، الحدیث فی صحیحین عن ابی سعید الخدری کیا جناب کے ذہن میں ہے کہ یہ بخاری یا مسلم کے کس باب میں ہے؟
اگر کسی فرصت میں دو لفظ تحریر فرمائیں تو ممنون ہوں گا۔
مقالات احسانی کا احسان مسند ہوں اور پیشگی شکریہ عرض کرتا ہوں۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ
ماخذ: سہ ماہی فکر و نظر، اسلام آیاد