ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام ڈاکٹر لئیق احمد بابری
بسم اللہ
28 محرم 1413ء
باسمہ تعالی حامداًومصلیاً
4-Rue de Turnon
Paris -6 /France
محترم و مکرم دام لطفکم
سلام مسنون۔ ورحمتہ اللہ و برکاتہ۔ آج شام آپ کا کرم نامہ ملا۔ ممنون بھی ہوں معذرت خواہ بھی۔ پاکستان میں آپ لوگوں کا اظہار محبت کے لیے جو والہانہ جوش و خروش تھا اس سے میرے ہوش و حواس گم ہو گئے تھے۔ غالباً آپ کا مکمل نام لئیق احمد بابری ہے۔ اپنے فرانسیسی ترجمہ قرآن مجید کے سیٹ میں نے خود تو نہیں بنائے لیکن جن لوگوں نے چوری کے ایڈیشن طبع کیے ہیں انھوں نے سیٹ بھی رجسٹر کیے ہوں تو یہ ناممکن نہیں۔ ترجمے کے اب تک جائز و ناجائز اٹھارہ ایڈیشن چھپ چکے ہیں۔ انیسویں کے پروف آرہے ہیں۔ اور ہر ایڈیشن میں ترمیمیں ہوتی رہتی ہیں اس دفعہ بھی کافی الفاظ بدلے ہیں۔ مگر قصہ یہی نہیں ہے۔ میں اس کا ناشر نہیں ہوں۔ ناشر ایک فرنگی Club France de Liver ہے۔ اس کی اجازت کے بغیر آپ مطلوبہ کام نہیں کر سکتے اور وہ اجازت مفت نہ دے گا۔ پہلا ایڈیشن 1959ء کا ہے۔ آیا قانوناً ابھی ناشر کا حق باقی ہے یا نہیں یہ دریافت کرنا ہو گا۔ مجھے علم نہیں لیکن اخلاقاً اس کا حق باقی ہے۔ اسی لیے ترجمے کی فرمائش کی اور اس نے ایک ادیب فرانسیسی مددگار مجھے دیا تاکہ میری فرانسیسی کو درست کرے۔ یوں بھی یہ ترجمہ بعض اہل خیر ہزاروں کی تعداد میں مفت تقسیم کرتے رہے ہیں۔ آئندہ ایڈیشن سنا ہے کہ ایک ملین کی تعداد میں ہو گا۔
یہ ہے صورتحال۔ خدا کرے آپ خیر و عافیت سے ہوں۔
محمد حمید اللہ