ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 29 جمادی الاول 1406ھ

29 جمادی الاول 1406ھ
مخدوم محترم زادمجدکم
السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
آپ کا 27 جنوری کا کرم نامہ کل 8 فروری کو پہنچا۔ شکر گزار ہوں۔
(1) خطبات بہاولپور کا نیا نظر ثانی ایڈیشن جس میں انڈکس بھی بڑھایا گیا ہے، ابھی ابھی گزشتہ ماہ اسلام آباد سے اسلامک یونیورسٹی کی طرف سے شائع ہوا ہے۔
(2) میرا جرمن ترجمہ قرآن سورۂ انعام تک آ کر جو رکا تو پھر آگے نہیں بڑھا۔ دوسرے کاموں میں اس قدر پھنسا ہوں کہ ادھر توجہ کرنے کی فرصت نہیں ملتی۔
(3) آپ کی فہرست تراجم قرآن کی نظر ثانی کے لیے چار پانچ سو صفحوں کی ایک کتاب لکھنی ہو گی۔ ابھی استنبول میں

Bibliyūgrāfiyā Al-ʻālamīyah Li-tarjamāt Maʻānī Al-Qurʼān Al-karīm, Research Center for Islamic History, Art and Culture İstanbul P.B.24, Besiktas, istanbul.


کی طرف سے شائع ہوئی ہے۔ ہزار صفحے ہوں گے۔ میں نے مسودہ دیکھا تھا۔ ابھی مطبوعہ نسخہ یہاں نہیں آیا۔ تراجم کی فہرست کے لیے دنیا کے ہر بڑے کتب خانے میں جا کر کام کرنا ہو گا کہ مطبوعہ کیٹلاگ میں تازہ چیزیں نہیں ملتیں خاص کر کانگریس لائبریری واشنگٹن جس میں 95 ملین کتابوں ہیں۔
میں نے آپ سے پہلے بھی عرض کیا تھا کہ پہلے اردو مترجموں کی سوانح عمریاں جمع کر لیجئے پھر فارسی، ترکی وغیرہ۔ فرنگی مترجموں کی تاریخ وفات بھی مل جائے تو غنیمت ہے۔ مجھے واقع نہیں معلوم کہ یہ معلومات کہاں ملیں گی۔
نیاز مند
محمد حمید اللہ
لکژمبورک وسطی یورپ میں ایک ننھی منی ریاست ہے وہاں اب تک فرانسیسی چلتی تھی۔ ابھی ابھی انھوں نے اپنی مقامی زبان کو دوسری سرکاری زبان قرار دیا ہے اس کا نام ہے لیتس بورگیشن Luxembourgish ۔ الحمدللہ اس زبان میں سورۂ فاتحہ کا ترجمہ ہو کر پہنچ گیا ہے۔ میں وہاں گیا تھا۔ دس بارہ فرنگی نو مسلم بھی ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.