ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 11 اپریل 1994ء
دو شنبہ
11 اپریل 1994ء
مخدوم و محترم زادمجدکم
سلام مسنون۔ برسوں آپ کا بستہ ملا۔ اندر کتاب النبات کے ساتھ آپ کا کرم نامہ بھی ملا۔ جزاکم اللہ۔ کتاب کا مقدمہ پڑھا۔ اس میں ایک بڑی فاش طباعتی غلطی ملی۔ صفحہ 16 کی پہلی سطر میں النظرین۔ ۔ ۔ ۔ چھپا ہے۔ یہ النضر ہے۔ اس کتاب کی مکرر طباعت کی کم ہی توقع ہے۔ علم نباتات کے اقتباسات سے کم ہی لوگوں کو دلچسپی ہو گی۔ گویا یہ غلطی میری طرف منسوب ہو کر ہمیشہ کے لیے حکیم محمد سعید صاحب اور ان کے رفیق زبیری صاحب کی دوامی بدنامی کا باعث ہو گا۔ میں سمجھتا ہوں کہ میرے مسودہ کتاب میں النضر ہے، پروف میں دارالحکمت والوں نے تصحیح کرنی چاہی ہے اور النظر لکھوا ڈالا ہے۔ آپ کے لیے فوٹو کاپی ملفوف کر رہا ہوں۔
میری استدعا ہے کہ حکیم محمد سعید صاحب کو بدنامی سے بچانے کے لیے سٹاک کے سارے نسخوں میں قلم سے تصحیح کروائیں۔ ایک سطری صحت نامہ چھپوا کر جتنے نسخوں میں ممکن ہو رکھوائیں بلکہ اس کو اخبار، رسائل میں شائع بھی کرائیں۔
کتاب کی اشاعت کے وقت کا پروف کی شکل کا نسخہ مجھے ملا تھا، اور اب آپ کا مرسلہ واحد نسخہ ان کے علاوہ مجھے کتاب کے کوئی نسخے ہمدرد والوں کی طرف سے اب تک نہیں آئے۔ دو چار ہی سہی، نسخے آئیں تو استفادہ کروں۔
آپ کو زحمت رہی ہے۔ اللہ جڑائے خیر دے۔
خادم محمد حمید اللہ