ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 27 مئی 1990ء

27 مئی 1990
مخدوم و محترم زاد مجدکم
سلام مسنون۔ کرم نامہ ملا۔ ممنون ہوا۔
معلوم نہیں احمد خان صاحب کو میرا مرسلہ بستہ(1) (یعنی میرے جملہ مطبوعات کی فہرست) ملا یا نہیں۔
ڈاکٹر معین الحق صاحب مرحوم کی تاریخ سے اختصاص تھا۔ انہی کے رسالے میں Birthpangs of Islamic History کے عنوان سے میں ایک مضمون(2) شائع کر چکا ہوں۔ سیرت نگار ابن اسحاق پر بھی ایک نیا مضمون لکھنا یا کسی پرانے مضمون کا ترجمہ کرنا، دونوں کے لیے وقت لگتا ہے۔ عرض کر چکا ہوں کہ وقت کی کمی ہی کا شاکی ہوں۔
بہرحال کوئی وعدہ نہیں کر سکتا۔ اگر کوئی جیز اکتوبر تک تیار ہو گئی تو ان شاء اللہ بھیج دوں گا۔
ملیالم تراجم(3) قرآن کی فہرست کا دلی شکریہ۔
ملیالم دو خطوں میں لکھی جاتی ہے۔ عربی خط میں بھی اور دراوڑی خط میں بھی۔ میرے پاس دونوں خطوں میں سورہ فاتحہ تھا۔
مکان میں سلام و آداب۔
خادم
محمد حمید اللہ
______________________
حواشی:
(1) ڈاکٹر صاحب نے احمد خان صاحب کی فرمائش پر اپنی مطبوعات کی فہرست بھجوائی تھی۔ میں نے احمد خان صاحب سے معلوم کر کے اطلاع دے دی تھی کہ فہرست مل گئی ہے۔ یہ صرف کتابوں کی فہرست تھی
(2) ڈاکٹر صاحب نے رسالہ ہسٹاریکل سوسائٹی کے جرنل میں ایک شائع شدہ مضمون کا ذکر کیا ہے۔ میں نے لکھا تھا کہ ابن سحاق پر ایک مضمون ہسٹاریکل سوسائٹی کے جرنل کے لیے لکھیے گا۔ اس کے جواب میں یہ لکھا ہے کہ نیا مضمون یا ترجمہ یا دونوں کے لیے وقت لگتا ہے اور مصروفیت کی وجہ سے وقت نہیں ملتا۔ لیکن وعدہ کیا ہے کہ اکتوبر تک لکھا گیا تو بھجوا دوں گا۔
(3) میں ملیالم زبان میں قرآن کے ترجمے کی فہرست بھجوائی تھی جس کے لیے ڈاکٹر صاحب نے دلی شکریہ ادا کیا ہے اور یہ بھی لکھا ہے کہ انھوں نے جو سورۂ فاتحہ کے تراجم جمع کئے تھے اس میں دو زبانوں (تحریری) میں سورۂ فاتحہ کا ترجمہ موجود تھا (جو گم ہو گیا تھا) ڈاکٹر صاحب نے لکھا ہے کہ ملیالم زبان ایک عربی خط میں دوسری دراوزی خط میں بھی لکھی جاتی ہے۔ یہ میرے لیے یقینا نئی معلومات تھیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.