ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 29 صفر 1405ھ

4، Rue de Turnon
France

29 صفر 1405ھ
مکرمی
سلام مسنون۔ ملاقات پر ڈاکٹر معین الحق صاحب(2) و اہلیہ کو بھی سلام و آداب۔ نیشنل یونین کیٹلاگ کا کانگریس لائبریری(3) واشنگٹن سے تعلق ہے۔ اس کی پانچ چھ سو جلدیں ہیں۔ اب تو ہر ماہ پانچ سو صفحے کی ایک جلد نکلنے لگی ہے۔
مجھے فرانس یا کسی اور ملک کے ایسے رسالہ کا علم نہیں جو اہل علم کی سوانح عمریاں دیتا ہو۔ آپ کی یاد غلط ہے۔ البتہ ہر فرنگی ملک میں نیشنل بیاگرافیس نامی کتابیں ہیں مگر ان میں شاذ ہی مترجمین قرآن کو اس قابل سمجھا گیا ہے کہ ان کا ذکر ان کتابوں میں ہو۔
میرا جرمن(4) ترجمہ چھٹے پارے پر رک گیا ہے۔ دیگر مصروفیتیں ادھر توجہ کا موقع نہیں دیتیں۔
احمد علی صاحب(5) کے ترجمے کی تفصیل کا شکریہ۔ لندن میں بھی ذاکٹر فاطمی وغیرہ کئی لوگ نئے ترجمے کر رہے ہیں مگر میرے پاس ان کی سوانح عمریاں نہیں ہیں اور نہ معلوم کرنے کا امکان ہے۔
ناچیز
محمد حمید اللہ
______________
حواشی:
(1) میرے ہم زلف ڈاکٹر سید معین الحق صاحب، پاکستان ہسٹاریکل سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری تھے ان کی دوسری بیوی ممتاز معین صاحبہ میری سالی ہیں، ان کو سلام و آداب پہنچانے کے لیے مجھے لکھا تھا کہ جو کہ میں نے پہنچا دی کیوں کہ ان کا گھر میڈی کیئر ہاسپٹل کے سامنے والی گلی میں ہے جو کہ میرے گھر کے قریب ہے۔
(2) ڈاکٹر صاحب نے کیٹلاگ کے سلسلے میں مزید یہ اطلاع دی کہ کانگریس لائبریری امریکا سے اس کا تعلق ہے اور اس کی چھ سو جلدیں ہیں اور ہر مہینے اس کی پانچ سو صفحات کی ایک جلد شائع ہوتی ہے۔ اس طرح کیٹلاگ ہزاروں صفحات میں چھپ چکا ہے۔
(3) ڈاکٹر صاحب اپنے فرانسیسی ترجمہ قرآن کے بعد جرمن زبان میں قرآن کا ترجمہ کر رہے تھے۔ مصروفیت کی وجہ سے صرف چھٹے پارے سورۂ انعام تک ہی کر سکے۔
(4)پروفیسر احمد علی نے قرآن کا ترجمہ انگریزی زبان میں کیا تھا۔ اس کی افتتاحی تقریب شیرٹن ہوٹل میں ہوتی تھی۔ جناب اے کے بروہی ایڈوکیٹ نے صدارت کی تھی۔ اس موقع پر بروشر بھی نکالا گیا تھا اور دوسروں دن اخبارات میں رپوٹنگ بھی کی گئی تھی۔ میں نے سب کچھ بھجوا دیا تھا جس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
(5)اخبار جنگ لاہور میں یہ خبر چھپی تھی کہ انڈیا کے صوبے راجستھان کے محں اکرم صاحب نے راجستھانی زبان میں قرآن کا ترجمہ کیا ہے۔ میں نے اس کے تراشے بھجوائے تھے کہ کیوں کہ ڈاکٹر صاحب قرآن کے ترجموں کو جمع کر رہے تھے۔ اس کے لیے بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.