ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 12 ذی قعدہ 1406ھ
12 ذی قعدہ 1406ھ
استاد محترم
سلام مسنون ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
کرم نامہ ملا، ممنون بھی ہوا، شرمندہ بھی کہ آپ نے بے وجہ کثیر رقم صرف فرمائی۔ جزاکم اللہ فی الدارین خیرا۔
جہاں تک اپنی تالیفوں پر میرا اپنا تبصرہ کرنا ہے میں نے یہ نہیں لکھا تھا کہ میرا ہاتھ ماؤف اور مفلوج ہے کہ نہیں لکھ سکتا، بلکہ یہ کثرت فرائض سے وقت نہیں بچتا۔ اور یہ کرامت بھی حاصل نہیں ہوئی کہ وقت واحد میں دو دو کام کر سکوں خود اپنا زیر تالیف مضمون مثلاً لکھتا رہوں اور ساتھ ساتھ Simultanuosly آپ کے فرستادہ کاتب کو کوئی اور مضمون بھی املا ( Dictate) کراتا رہوں۔ آج کل اپنے فرانسیسی ترجمہ قرآن کا پندرھواں ایڈشن اور فرانسیسی سیرۃ النبی کا پانچواں ایڈیشن نظر ثانی کے بعد تیار کر رہا ہوں۔ اور ناشر کا تقاضا ہے۔
مکان میں آداب و تسلیمات
نیاز مند
محمد حمید اللہ