ڈاکٹر محمد حمید اللہ بنام مظہر ممتاز قریشی، 6 صفر 1413ھ

6 صفر 1413ھ
مخدوم و محترم زادمجدکم
سلام مسنون ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
آج آپ کا 26 محرم کا کرم نامہ اور ڈان اخبار کے تراشے ملے۔ ممنون ہوا۔ کاش آپ ہاتھ سے ڈان کا کہیں پتہ درج کر دیتے۔ میں نے میری طرف منسوب جھوٹے بیان(1) کی تردید اللہ کا نام لے کر صرف کراچی کے پتے پر بھیجا ہے۔ اللہ مالک ہے۔
پھر ایک مرتبہ وضاحت کی کوشش کرتا ہوں جن زبانوں میں قرآن مجید کا ترجمہ چھپ چکا ہے، مشرق کی ہوں یا مغرب کی، ان کا حصول آسان ہے لیکن غیر مطبوعہ ترجمہ میرے پاس رہا ہو تو پھر کیا کریں؟ دنیا میں ایسی زبانیں بھی ہیں جو بولی تو جاتی ہیں لیکن ان میں قرآن مجید کا ترجمہ کبھی ہوا ہی نہیں مثلاً افریقا میں۔ اور اگر کبھی اتفاق سے وہاں والے، اس زبان کو بولنے والے کسی مسلمان سے ملاقات ہو اور وہ مثلاً فرانسیسی جرمن وغیرہ کوئی ایسی زبان کو بھی سمجھتا ہو جو میں جانتا ہوں اور وہ مجھے میرے پیش کردہ فرانسیسی، جرمن یا کوئی اور زبان کا ترجمہ فاتحہ کو دیکھ کر اپنی زبان میں مجھے فاتحہ کا ترجمہ مہیا کرے اور اب وہ میرے پاس سے کھو جائے اور وہ مترجم فرانس میں، یا دنیا میں موجود نہ ہو تو ایسے ترجمہ سورہ فاتحہ(2) کو مکرر کہاں سے حاصل کیا جائے؟
مکان میں آداب و کورنشات۔
خادم
محمد حمید اللہ
____________________
حواشی:
(1) ڈاکٹر صاحب نے اخبار ڈان کراچی میں چھپے ہوئے بیان کی تردید میں کراچی کے پتے پر مضمون بھجوایا تھا (مجھے یاد نہیں آرہا کا ڈان میں چھپا تھا کہ نہیں)۔
(2) ڈاکٹر صاحب نے پھر ایک بار سورۂ فاتحہ کے تراجم کا ذکر کیا ہے کچھ تفصیل کے ساتھ اور لکھا ہے کہ تراجم کا جمع شدہ مواد گم ہو جائے اور ترجمہ کی کاپی بھی نہ ہو تو پھر کیا کیا جائے؟ میرے خیال میں صرف صبر ہی کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر صاحب کو سورۂ فاتحہ کے جمع شدہ تراجم کے غائب یا گم ہو جانے کا بے حد افسوس تھا۔ انھوڑ نے بہت محنت اور کوششوں سے ان کو جمع کیا تھا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.